ہماری پوری توجہ نااہل حکومت پر مرکوز ہے: رانا ثناءاللہ

ہماری پوری توجہ نااہل حکومت پر مرکوز ہے: رانا ثناءاللہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

سیالکوٹ: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے پوری توجہ نااہل حکومت پر مرکوز کررکھی ہے، اپوزیشن اگر استعفے دیتی تو حکومت کے بچ جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا، بلاول کو علم ہے کہ ہمیں سب کچھ معلوم ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ لانگ مارچ کو متنازعہ بنایا گیا، بلاول کو علم ہے کہ ہمیں سب کچھ پتا ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے جلسوں تک کا مرحلہ اچھی طرح نبھایا اور اگر لانگ مارچ کرکے پوری اپوزیشن استعفے دیتی تو کٹھ پتلی حکومت منہ کے بل گر چکی ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب استعفوں کی بات ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پوری اپوزیشن استعفے دے، اگر پوری اپوزیشن استعفے دیتی تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ حکومت بچ جاتی، پی ڈی ایم تحریک کی وجہ سے ضمنی الیکشن میں کامیابیاں ملیں جبکہ مخالفین کو تین سال میں کچھ حاصل نا ہوا تو اب اختلافات کا شور مچا رہے ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی تاحیات قائد نواز شریف کی قیادت میں کام کر رہے ہیں اور ہم پوری توجہ اس نا اہل حکومت پر مرکوز کئے بیٹھے ہیں، عام انتخابات میں نواز شریف کی قیادت میں کٹھ پتلی حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔