اپنے فیصلے بلا خوف اور آئین و قانون کے مطابق کرتے رہیں گے: چیف الیکشن کمشنر

 اپنے فیصلے بلا خوف اور آئین و قانون کے مطابق کرتے رہیں گے: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اپنے فیصلے بلا خوف اور آئین و قانون کے مطابق کرتے رہیں گے، الیکشن کمیشن انتخابات کیلئے ہمیشہ تیار ہے اور حلقہ بندیوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا ہے اور سب ہمارے دوست ہیں۔ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے بلا خوف کرتا ہے اور کرتا رہے گا، فیصلوں سے کوئی ناراض یا راضی ہوتا ہے یہ ان کا مسئلہ ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہے اور ہم اس انتخابات کیلئے ہمیشہ تیار ہیں لیکن نئے انتخابات کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔ 
سکندر سلطان نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر تیزی سے کام جاری ہے، مردم شماری کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا موقف واضح تھا کہ مردم شماری سرکاری طور پر شائع ہونے سے قبل حلقہ بندیاں نہیں کی جاسکتیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے خصوصی آئینی ترمیم لائی گئی تھی، حکومت ڈیجیٹل مردم شماری کرانا چاہتی ہے، ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج دسمبر 2022 تک ملے تو بروقت حلقہ بندیاں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نتائج تاخیر کا شکار ہوئے تو 2017ءکی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں پر انتخاب ہو گا، اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کا کیس سابق ڈپٹی سپیکر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو نہیں بھجوایا۔

مصنف کے بارے میں