کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے انکار

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے انکار

شارجہ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے سے انکار کر دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کیون پیٹرسن وطن واپسی کے لیے شارجہ سے لندن روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پشاور زلمی کو ہرا کر پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم میں کیون پیٹرسن، رائلی روسو، نیتھن میکلم، ملز اور لیوک رائٹ شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کھلاڑی لیوک رائٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ لاہور نہیں آسکتا، اس کا دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستانی شائقین کے لیے کرکٹ کی کیا اہمیت ہے مگر کرکٹ کے لیے اپنے خاندان کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔ امید ہے مستقبل میں پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے کوئی شکوک نہیں ہوں گے۔

ادھر ٹائمل ملز کا کہنا ہے بدقسمتی سے پی ایس ایل کھیلنے لاہور نہیں جارہا۔ پی ایس ایل فائنل گھر میں ٹی وی پر دیکھیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پی ایس ایل کا مشکور ہوں کہ ان کے ساتھ پی ایس ایل میں اچھا وقت گزرا۔