نہال ہاشمی کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ جاری

نہال ہاشمی کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ جاری

لاہور: حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے نااہل سینیٹر نہال ہاشمی کی خالی نشست پر پولنگ پنجاب اسمبلی میں ہو رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔ نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر اسد اور تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا کے درمیان مقابلہ ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے نشست پر پولنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹر اسد اشرف مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے تاہم اعلیٰ عدالت کے فیصلے کے بعد نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور بطور پارٹی صدر ان کے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر اسد اشرف کو آزاد امیدوار ڈیکلیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو افغان مذاکرات کی میز پر تسلیم کیا جائے، ایلس ویلز

صبح 9 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام چار بجے تک جاری رہے گی اور پولنگ کے دوران پنجاب اسمبلی کے اسٹاف کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

گزشتہ روز سابق سینیٹر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو توہینِ عدالت کیس میں ایک ماہ سزا پوری ہونے کے بعد رہا کر دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:'عمران خان کے کیس میں فریق بننا ہے یا نہیں مشاوت کے بعد فیصلہ کریں گے'

واضح رہے کہ گزشتہ برس مئی میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں نہال ہاشمی نے اپنی جذباتی تقریر میں دھمکی دی تھی کہ پاکستان کے منتخب وزیراعظم سے حساب مانگنے والوں کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیے جانے کے بعد وہ سینیٹ کی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ سپریم کورٹ نے رہنما نہال ہاشمی کو دھمکی آمیز تقریر اور توہینِ عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں