دریائے نیل کے پانی کے حوالے سے مذاق کرنے پر مصری گلوکارہ کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی

دریائے نیل کے پانی کے حوالے سے مذاق کرنے پر مصری گلوکارہ کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی


قاہرہ:مصر ی گلوکارہ کو دریائے نیل کے حوالے سے مذاق کرنا مہنگا پڑگیا اور عدالت نے شیریں عبدالوہاب کو 6 ماہ جیل قید کی سزا سنادی۔ ڈیلی میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق مصری گلوکارہ کو سزا دینے کا فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا کہ انہوں نے کہا تھا کہ دریائے نیل سے پانی پینے سے بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

عدالت نے شیریں عبدالوہاب کو غلط خبر پھیلانے کی وجہ سے قصور وار قرار دیا ۔خیال رہے کہ شیریں عبدالوہاب کی ایک ریکارڈنگ سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے ازراہ مذاق کہا تھا کہ نیل کا پانی پینے سے بیماری پھیل سکتی ہے۔مصری گلوکارہ نے اپنی ریکارڈنگ سامنے آنے کے بعد معافی بھی مانگ لی جبکہ عدالتی حکام کے مطابق گلوکارہ کی ضمانت کی اپیل زیر غور ہے جس کے بعد ان کو رہا کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ گلوکارہ کو ریکارڈنگ میں ایک مداح نے سوال کیا کہ آپ نے کبھی نیل سے پانی پیا ہے تو شیریں عبدالوہاب نے جواب دیا کہ دریائے نیل کا پانی بلہارزیا نامی بیماری کا باعث بنتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مصری کی ایک عدالت نے فحاشی پھیلانے کے الزام میں 25 سالہ گلوکارہ شائمہ احمد کو دو سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فحاشی پھیلانے والی گلوکارہ کو 2 سال قید کی سزا

نوجوان گلوکارہ کو گرفتار کیا گیا تھا جب ان کے گانے کی ایک ویڈیو مشہور ہو گئی تھی۔ اس ویڈیو میں گلوکارہ کو نازیبا انداز اختیار کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے ہدایتکار کو بھی 2 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ گلوکارہ شائمہ احمد غیر مہذب فلم نشر کرنے اور فحاشی کو ہوا دینے کے الزامات کا قصوروار پایا گیا ہے۔