کئی بار کہا کہ قصور وار ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا: شہباز شریف

کئی بار کہا کہ قصور وار ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا: شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان ایک بار نہیں دس بار تمام منصوبوں کی تحقیقات کریں، کئی بار کہا کہ قصور وار ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

شہباز شریف نے بحثیت قائم مقام صدر ن لیگ پہلی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے ان کو پاناما کیس سے ہٹنے کیلئے کہا تھا۔ نیازی صاحب کے جھوٹ سے تنگ آکر میں نے ان کے خلاف ہرجانے کا دعوی دائر کیا تھا۔

مجھ پر پہلی مرتبہ کرپشن کا الزام نہیں لگا بلکہ اس سے قبل بھی ایک ادارے نے اسی طرح کا الزام عائد کیا تھا جس کا نوٹس بھی لیا گیا تھا اور اس ادارے سے کہا تھا کہ ’پُٹ اپ اور شَٹ اپ‘۔ ’آج عمران خان بھی اسی نوعیت کے الزامات مجھ پر لگا رہے ہیں میں ان کو بھی یہی الفاظ کہنا چاہوں گا کہ نیازی صاحب! پُٹ اپ اور شَٹ اپ‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ فراڈ ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ کے پی کے کو تعلیم کا گہوارہ بنا دیں گے، لیکن وہ ایسا کرنے میں بری طرح ناکام ہوئے۔ عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ وہ 5 سال میں نہ صرف صوبے کی بجلی پوری کریں گے بلکہ پاکستان کو بھی بجلی مہیا کریں گے۔ وہ اپنا یہ وعدہ بھی پورا نہ کر سکے۔ 74 میگاواٹ عمران خان کے جھوٹ کا پلندہ۔ صوبہ کے پی کے کے بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ اس لیے ہے کہ وہاں لائنیں نہیں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے دعوی کیا تھا کہ صوبہ کے پی کے پاکستان کیلئے رول ماڈل ہوگا، وہ قوم کے ساتھ مذاق کرتے ہیں اور ان کا مقصد ملک کی ترقی اور کامیابی کی راہ میں روڑے اٹکانا ہیں۔