فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت کا پاکستانی زائرین کیلئے بڑا اعلان

فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت کا پاکستانی زائرین کیلئے بڑا اعلان
کیپشن: سعودی حکومت مختلف ایئر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے، سعودی سفارت خانہ۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت نے پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے بڑا اعلان کر دیا.سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی حکومت پاکستان میں پروازیں معمول پر آنے تک سعودی عرب میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کی میزبانی کرے گی۔

سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی حکومت مختلف ایئر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ فضائی حدود بحال ہونے پر ٹکٹ کی بکنگ کی جا سکے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے یہ بیان جاری کیا ہے کہ عمرہ کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیاں ایئرپورٹ سے واپس جانے والے پاکستانی عمرہ زائرین کو ہوٹلوں میں ٹھہرائے اور تمام ممکن سہولتیں دے۔

خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد گزشتہ روز اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں سے پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔

سول ایوی ایشن ذارئع کے مطابق پاکستان فضائی حدود کی بندش کے وقت میں جمعہ کی صبح 8 بجے تک توسیع بھی کر دی گئی۔ تاہم قومی ایئر لائن کی کچھ پروازیں عارضی طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستان سے جانے والی پروازوں کے شیڈول میں صرف پی آئی اے کے لیے نرمی کی گئی ہے۔