ابھی نندن کی رہائی امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے، ملیحہ لودھی

ابھی نندن کی رہائی امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے، ملیحہ لودھی
پاکستان نے ہمیشہ امن قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے، ملیحہ لودھی۔۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی بھارت کو امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے۔


اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کی چیف آف اسٹاف ماریا لوئیزا ریبیورو کو بریفنگ کے دوران ملیحہ لودھی نے خطے کی بدلتی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اب بھارت پر منحصر ہے کہ وہ کیا جواب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں اور اقوام عالم بھی پاکستان کی طرح برصغیر میں امن چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب بڑھنے کی پیشکش ہے۔

واضح رہے کہ امریکا، ترکی اور سعودی عرب نے وزیراعظم عمران خان کی امن کی پیشکش کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔