امریکی کامیڈین نے عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کر دیا

امریکی کامیڈین نے عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کر دیا
امریکی کامیڈین کی یہ بات سوشل میڈیا صارفین کو بہت زیادہ پسند آئی۔۔۔۔۔فوٹو/ وزیراعظم آفیشل فیس بُک اکاؤنٹ

نیو یارک: جنگ کے میدان میں پاکستان کی واضح برتری کے باوجود وزیراعظم عمران خان کی امن کی پیشکش کے باعث انہیں امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔


امریکن کامیڈین نے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اب امن کی طرف قدم بڑھانے کی باری مودی کی ہے۔

جیریمی میکلیلن نے ایک اور ٹویٹ میں سوال اٹھایا کہ کیا ہم امریکہ کے سابق صدر باراک اوبامہ سے امن کا نوبل انعام واپس لے کر اسے وزیر اعظم عمران خان کو نہیں دے سکتے۔

امریکی کامیڈین کی یہ بات سوشل میڈیا صارفین کو بہت زیادہ پسند آئی اور لوگوں نے اس مطالبے کو ری ٹویٹ کرنا شروع کر دیا۔ ان کی اس ٹویٹ کو اب تک 30 ہزار سے زائد لوگوں نے لائک جبکہ 10 ہزار سے زائد لوگوں نے ری ٹویٹ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کر دیا جائے گا۔

پائلٹ کی رہائی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے بھارت کو یہ بھی پیغام بھی دیا کہ پاکستان کی جانب بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھینندن کو پاکستانی فورس نے گرفتار کر لیا تھا۔