طالبان کا افغان ملٹری بیس پر حملہ، دو طرفہ فائرنگ جاری، 9 حملہ آور ہلاک

طالبان کا افغان ملٹری بیس پر حملہ، دو طرفہ فائرنگ جاری، 9 حملہ آور ہلاک
کیپشن: طالبان نے جنوبی صوبہ ہلمند میں فوجی بیس کو نشانہ بنایا، افغان میڈیا۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کابل: طالبان نے افغان فوج کے ملٹری بیس پر حملہ کر دیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے جنوبی صوبہ ہلمند میں فوجی بیس کو نشانہ بنایا جس کی تصدیق گورنر آفس نے بھی کر دی۔

گورنر آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ہلمند میں 215 میوند کورپس کے سہراب کیمپ کے اندر داخل ہوئے اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 خودکش بمبار اور 6 دیگر حملہ آور مارے گئے۔

گورنر آفس نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ فوج نے حملہ پسپا کر دیا جس کے بعد کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

افغان میڈیا کا ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ 27 حملہ آوروں نے صبح 4 بجے فوجی بیس کو نشانہ بنایا جب کہ حملہ آوروں میں 7 خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔