عمران خان نے بھارتی بلے باز کو دوسری باری دینے کی یاد تازہ کردی

عمران خان نے بھارتی بلے باز کو دوسری باری دینے کی یاد تازہ کردی
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے کا اعلان کرکے 30سال بعد ایک بار پھر بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق 1989ء میں بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔22دسمبر1989ء کو قذافی سٹیڈیم،لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی اوپنر سری کانت بہت اچھا کھیل رہے تھے جب پاکستانی فاسٹ باﺅلر وقار یونس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو اپیل پر امپائر نے انہیں آﺅٹ قراردے دیا ،

سر ی کانت نے اس فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے بلا دکھاتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی کہ گیند ان کے بلے سے ٹکرائی ہے جس پر پاکستانی کپتان عمران خان نے اپنی اپیل واپس لیتے ہوئے انہیں واپس بلا لیا، اگلی ہی گیند پر سری کانت ایک مرتبہ پھر وقار یونس کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے اور خود ہی شرمندہ ہو کر پویلین کی جانب چل پڑے۔

عمرا ن خان کے اس فیصلے کو کرکٹ کے حلقوں میں آج بھی احترام سے دیکھا جاتا ہے۔30سال بعد ایک مرتبہ پھر عمران خان نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی مگ 21طیارے کو مار گرانے کے بعد پکڑے گئے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے جسے دنیا بھر پر خوب سراہا جارہا ہے۔