بھارتی پائلٹ کی رہائی کا فیصلہ تھوڑا موخر کرنا چاہئے تھا، پیپلز پارٹی نے مخالفت کردی

بھارتی پائلٹ کی رہائی کا فیصلہ تھوڑا موخر کرنا چاہئے تھا، پیپلز پارٹی نے مخالفت کردی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کی مخالفت کردی اور اتنی جلدی بھارتی قیدی کی رہائی پر سوالات بھی اٹھادیئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان پر بات کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کو تھوڑا موخر کرنا چاہئے تھا۔

رہنماپیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان پہلے ہی مذاکرات کی پیشکش کر چکا تھا اور یہ کہہ چکا تھا کہ وہ دوست ممالک کی مدد سے مذاکرات کے لیے تیار ہے لہٰذا بہتر ہوتا اگر یہ فیصلہ مذاکرات کے دوران کیا جاتا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ اگر کچھ ملکوں کو مذاکراتی عمل کا حصہ بنا کر ان کے ذریعے یہ فیصلہ کیا جاتا تو بہتر تھا لیکن اگر اس فیصلے کی بدولت جنگ سے بچا جا سکتا ہے تو فیصلہ بہت اچھا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے پر میں حکومت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہتا، پاکستان جنگ نہیں چاہتا اور خطے میں امن چاہتا ہے کیونکہ اس کے علاوہ اور کوئی حل نہیں، میرا ماننا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے اس رویے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امن کی بات کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی سے متعلق جہاں وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کوسراہا جا رہا ہے وہیں اس کی مخالفت بھی کی جا رہی ہے۔