ویمن ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 17رنز سے شکست دیدی

ویمن ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 17رنز سے شکست دیدی

سڈنی :جنوبی افریقہ نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں لورا ولوارڈ کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان کو 17رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کا رن ریٹ انتہائی کم تھا ،ولوارڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی،جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنانے میں کامیاب رہی،لورا ولوارڈ کو شاندار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا میں جاری ویمن ورلڈ کپ میں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ڈیانا بیگ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے ابتدا میں ہی دو کامیابیاں حاصل کر لیں اور جنوبی افریقی ٹیم 17رنز پر دونوں اوپنرز گنوا بیٹھی تھی۔

اس مرحلے پر میریزین کاپ اور مگنون دو پریز نے بیٹنھگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کر 54تک پہنچا دیا۔اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، ندا ڈار نے پریز کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ 64کے مجموعی اسکور پر کاپ 31رنز بنا کر واپس لوٹیں تو جنوبی افریقی ٹیم 4وکٹیں گنوا چکی تھی۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کا رن ریٹ انتہائی کم تھا لیکن ولوارڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔انہوں نے صرف 36 گیندوں پر 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ انعم امین، ندا ڈار، ایمن انور اور عروبہ شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ایمن انور کے اوور انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 4اوورز میں 43 رنز دیے اور یہی میچ میں اصل فرق ثابت ہوئے۔

پاکستان کی اوپنرز نے ٹیم کو 18رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یکے بعد یدگرے تین وکٹیں گرنے کے سبب قومی ٹیم 26رنز پر تین کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو چکی تھی۔اس موقع پر کپتان جویریہ خان کا ساتھ دینے عالیہ ریاض آئیں اور دونوں نے 29رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 55تک پہنچا دیا، جویریہ 31رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں۔

اس دوران درکار رن ریٹ تیزی سے چڑھتا گیا اور پاکستانی ویمن ٹیم نے حالات کی نزاکت کو نہ سمجھتے ہوئے کسی بھی موقع پر جارحانہ بیٹنگ کی کوشش نہ کی جس کے نتیجے میں وہ مقررہ اوورز میں 5وکٹیں گنوانے کے باوجود صرف 119رنز ہی بنا سکیں، عالیہ ریاض 39رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

جنوبی افریقہ نے میچ میں 17رنز سے کامیابی حاصل کر کے ویممن ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ اس شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔لورا ولوارڈ کو شاندار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔