سینیٹ الیکشن ، حکومت نے اپوزیشن کو بلوچستان میں مشترکہ امیدوار کی پیشکش کردی

سینیٹ الیکشن ، حکومت نے اپوزیشن کو بلوچستان میں مشترکہ امیدوار کی پیشکش کردی
سورس: File photo

کوئٹہ ،بلوچستان میں حکومت نے اپوزیشن کو مشترکہ امیدوار لانے کی پیشکش کر دی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے بلوچستان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو 6 نشستیں دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

 حکومتی پیشکش پر  پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس آج کوئٹہ میں اخترمینگل کےگھرطلب کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے چیئرمین سنیٹ صادق سنجرانی نے مولانا عبدالغفور حیدری کو پیشکش کی تھی۔

یاد رہے کہ سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہور ہے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کی صلاح ومشاورت جاری ہے ۔ 

خیال رہے کہ آج سینیٹ کے انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کے لیے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ نے اپنی رائے کا اعلان کر دیا جس کے مطابق یہ الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے چار ایک کی اکثریت سے سنایا ہے اور اس میں جسٹس یحی آفریدی نے اختلافی نوٹ لکھا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات آئین کے تحت ہوں گے اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہوگی کہ اسے شفاف بنایا جائے۔یہ لگاتار دوسرا ریفرنس ہے جس میں حکومت کی منشا کے مطابق سپریم کورٹ سے نتائج حاصل نہ کیے جاسکے۔ اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس مسترد کر دیا گیا تھا۔