یروشلم: تعلقات بحال ہونے کے بعد اسرائیل کے لیے متحدہ عرب امارات کے پہلے سفیر محمد محمود الخاجہ تل ابیب گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب پہنچنے پر اماراتی سفیر نے اسرائیلی وزیر خارجہ جابے اشکیناز سے ملاقات کی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اماراتی سفیر اپنی اسناد اسرائیلی صدر ریوین رولین کو پیش کریں گے اور 3 روزہ دورے کے دوران تل ابیب میں متحدہ عرب امارات کے پہلے سفارت خانے کے لیے جگہ بھی دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے گذشتہ سال 15ستمبرکو سفارتی تعلقات معمول پر لانے کا معاہدہ کیا تھا۔ ترکی اور ایران نے بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔
ایرانی کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کے بعد اب بحرین بھی اسرائیل کے جرائم کا شراکت دار ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بحرین کے حکمران اب صہیونی ریاست کے جرائم کی صورت میں خطے میں سیکیورٹی اور عالم اسلام کو لاحق خطرات کے شراکت دار ہوں گے۔ خطے اور فلسطین میں دہشتگردی، خونریزی اور مظالم کا ذمہ داری اسرائیل ہے۔