عمران خان کی قسمت میں صرف استعمال ہونا لکھا ہے، مریم نواز

عمران خان کی قسمت میں صرف استعمال ہونا لکھا ہے، مریم نواز
کیپشن: لوگوں کو پشاور سے لانا تھا تو پشاور میں ہی جلسہ کرلیتے لیکن، مریم نواز۔۔۔۔۔فوٹو: فائل

ساہیوال : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران پورے پاکستان سے لوگ اکٹھا کرکے لاہور لائے کہ وہ ان کی بات سنیں لیکن لاہور کے لوگوں نے بات سننے سے انکار کردیا کیوں کہ وہ جان گئے ہیں کہ تمہاری حیثیت ایک مہرے سے زیادہ کچھ نہیں۔

ساہیوال میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہر الیکشن میں عمران خان کا کردار مہمان اداکار کا ہوتا ہے اور ان کی قسمت میں صرف استعمال ہونا ہی لکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی طرح کروڑوں روپیہ بہایا گیا اور لوگوں کو ٹکٹ کا لالچ دے کر بسیں بھروائی گئیں جس کے باوجود خالی بسیں مینار پاکستان آئیں کیوں کہ خیبر پختونخوا سے آئی بسیں بھری ہوتیں تو مینار پاکستان بھی بھرا ہوتا۔مریم نواز نے کہا کہ پیسہ بہا کر لوگوں کو پشاور سے لانا تھا تو پشاور میں ہی جلسہ کرلیتے لیکن جنہیں پشاور سے بھر کر لائے تھا، انہوں نے خود لاہور کی ترقی اپنی آنکھوں سے دیکھ لی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سازشی مہروں نے عوام کا ووٹ پیپلزپارٹی کے آگے گروی رکھ دیا ہے، یہ دونوں ووٹ مانگنے آئیں تو زرداری عمران بھائی بھائی کے نعرے سے استقبال کرنا ہے۔مریم نے مزید کہا کہ ’زرداری کہتا ہے کہ عمران چوری چھپے میرے ساتھ مل گیا ہے، عمران خان کہتا ہے میرے ایم پی اے چور ہیں اور ایم پی اے کہتے ہیں کہ ہمارا لیڈر چور ہے‘۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن کے بعد عمران خان آپ کو دور دور تک نظر نہیں آئیں گے اور اوپر اللہ اور نیچے پاکستان کے عوام ہیں، اللہ اور عوام کی مدد سے الیکشن میں منہ توڑ جواب دینا ہے۔