اسلام آباد میں پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان مذاکرات

اسلام آباد میں پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان مذاکرات
کیپشن: مذاکرات میں معاشی ترقی، پالیسی حکمت عملی اور آئی ایم ایف پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ آئی ایم ایف آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: ملک کی معیشت کو کیسے بہتر کیا جائے اس کے لئے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے حکام کے درمیان مذاکرات کا اہم دور اسلام آباد میں جاری ہے۔

پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کر رہے ہیں جب کہ وزارت خزانہ کے 3 ایڈیشنل سیکرٹریز اور ایک سینئر جوائنٹ سیکرٹری بھی مذاکرات کا حصہ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں معاشی ترقی، پالیسی حکمت عملی اور آئی ایم ایف پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران ایف بی آر کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ آئی ایم ایف وفد کو نجکاری پروگرام، گیس اور بجلی کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

وزارت خزانہ تمام متعلقہ اداروں کو تحریری طور پر مذاکرات میں شرکت کی دعوت دے چکا ہے اور آئی ایم سے مذاکرات کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری بجٹ ونگ، سرمایہ کاری ونگ کے ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت خزانہ کے ڈی جی قرضہ جات، پاور ڈویژن کے سیکریٹری اور جوائنٹ سیکریٹری بھی شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے سیکریٹری، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین ایس ای سی پی، سیکریٹری نجکاری بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔