این اے 249: دوبارہ گنتی کی مسلم لیگ ن کی درخواست منظور

این اے 249: دوبارہ گنتی کی مسلم لیگ ن کی درخواست منظور
سورس: file

اسلام آباد: این اے 249 کراچی میں  دوبارہ گنتی اور فرانزک کا معاملہ پر  الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرلی  ہے۔

نیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت 4 مئی کو کرے گا ۔اس حوالے سے  تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز شریف نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا جائے ۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ جیت اگر شفاف ہے تو دوبارہ گنتی کروانے میں کسی جماعت کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جیت کا مارجن چند سو ووٹ کا ہے اورمسترد شدہ ووٹ جیت کے فرق سے زیادہ ہیں، 5% سے کم فرق پر دوبارہ گنتی ہمارا قانونی و آئینی حق ہے۔چیف الیکشن کمشنر سے درخواست ہے کہ مسلم لیگ ن کو اس کا یہ حق دیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرائیں، یہ ہمارا آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکشن 95 (5) کا تقاضاہے کہ کل ڈالے جانے والے ووٹوں کا مارجن پانچ فیصد سے کم ہو، تو دوبار گنتی کرائی جائے ۔ سیکشن 95 (6 )کے تحت مجموعی رزلٹ سے قبول دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے ۔  امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئین اور شفافیت کے تقاضوں کو یقینی بنائیں گے ۔