پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دیدی

پاکستان نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 7 مئی سے ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم حسن علی اپنے انفرادی سکور میں 6 رنز کے اضافے کے بعد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ فواد عالم 20 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عمران بٹ 91، عابد علی 60، اظہر علی 36، محمد رضوان 45، ساجد خان 7 اور شاہین آفریدی 4 رنز بنا سکے اور یوں قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 426 رنز بنائے۔ 
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزارابانی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 31 اوورز میں 73 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ڈونلڈ تریپانو نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ اینگراوا نے 2 اور ٹینڈائی چیسورو نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
 زمبابوین ٹیم دوسری اننگزمیں صرف 134 رنز بنا سکی اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے جس کے باعث پاکستان نے یہ میچ ایک اننگز اور 116 رنز سے جیت لیا۔ تریسائی مساکاندا نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ کیوین کاسوزا 28، برینڈن ٹیلر 29 اور ریگس شکابوا 14 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 12.2 اوورز میں 36 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور نعمان علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
قبل ازیں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس جیت کیساتھ ہی پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔