کورونا وائرس کے بچوں پر بھی وار جاری، اب تک کتنے بچے متاثر ہوئے؟ تشویشناک انکشاف 

کورونا وائرس کے بچوں پر بھی وار جاری، اب تک کتنے بچے متاثر ہوئے؟ تشویشناک انکشاف 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کے بچوں پر بھی وار جاری ہیں اور صرف اپریل کے مہینے میں 1 سے 10 سال تک کے 3,315 بچے اور بچیاں جبکہ 11 سے 20 سال تک کے 12,162 لڑکے اور لڑکیاں کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ 19 بچے کورونا سے انتقال کر گئے۔ 
وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اپریل کے مہینے میں 1 سے 10 سال تک کی 1,424 بچیاں کورونا سے متاثر ہوئیں جبکہ 11 سے 20 سال تک کی 5,205 لڑکیاں کورونا کا شکار ہوئیں۔ 
گزشتہ مہینے میں ہی 1 سے 10 سال تک کے 1,891 بچے کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 11 سے 20 سال تک کے 6,957 لڑکے کورونا کا شکار ہوئے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں 1 سے 10 سال تک کے 6 بچے اور بچیاں کورونا سے انتقال کر گئے جبکہ 11 سے 20 سال تک کے 13 لڑکے اور لڑکیاں بھی کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہارے۔ 
ملک بھر میں اب تک 1 سے 10 سال تک کی 10,036 بچیاں کورونا سے متاثر ہو جکی ہیں جبکہ ملک بھر میں اب تک 11 سے 20 سال تک کی 28,496 بچیاں کورونا سے متاثر ہوئیں۔ 
پاکستان بھر میں اب تک 1 سے 10 سال تک کے 14,500 بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 11 سے 20 سال تک کے 40,670 لڑکے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کے تحت شام 6 بجے سے سحری تک ہر طرح کے کاروبار کی مکمل پابندی عائد ہے۔ 
اس کے علاوہ ہفتے میں دو روز کاروبار مکمل طور پر بند ہیں جبکہ شہریوں سے کورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے پاک فوج کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔