برطانوی وائرس نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے

برطانوی وائرس نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب میں کورونا کے برطانوی وائرس نے پنجے گاڑھ لئے ہیں اور تیسری لہر میں 90 فیصد مثبت کیسز برطانوی وائرس کے نکلے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب میں مثبت کیسز کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں صوبے میں 13,800 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مارچ میں 36,600 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 50,400 تک پہنچ گئی اور اپریل میں مزید 34,400 کیسز کا اضافہ ہوا، اس طرح صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق تین ماہ کے دوران 90 فیصدمریضوں میں برطانوی وائرس پایا گیا جبکہ 10 فیصد مثبت کیسز میں ووہان وائرس تھا تاہم پنجاب میں ابھی تک برازیل یا جنوبی افریقہ کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ 
واضح رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے شام 6 بجے سے سحری تک ہر طرح کے کاروبار پر پابندی عائد کی ہے جبکہ ہفتے میں دو روز کاروبار مکمل طور پر بند ہیں اس کے علاوہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج سے مدد بھی لی جا رہی ہے۔ 
دوسری جانب پنجاب میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد میں اعتکاف بیٹھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور محکمہ اوقاف کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مساجد میں اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم رواں سال محکمہ اوقاف پنجاب کے زیرانتظام مساجد میں اعتکاف پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
خیال رہے کہ رواں سال انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے یوم علی کے جلسوں پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، وزرات داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے تاہم یوم علی رضہ اللہ تعالیٰ عنہ کی مناسبت سے مجالس کی اجازت ہو گی۔