گیٹ توڑنے کا واقعہ ناقابل قبول ہے، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے : چودھری شجاعت

گیٹ توڑنے کا واقعہ ناقابل قبول ہے، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے : چودھری شجاعت
سورس: file

لاہور : مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جس طریقے سے گھر کا دروازہ توڑا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔  ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے معاملات مزید خراب ہوں۔ کچھ لوگ واقعہ کو غلط رنگ دے کر عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور میں اپنے گھر پر صحافیوں سے گفتگو میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پولیس کو بتایا گیا پرویز الہی میرے گھر پر ہیں ۔ غلط گائیڈ کرنے پر پولیس والے پرویز الہی کا گھر چھوڑ کر میرے گھر کی طرف آئے۔  پولیس دروازے پر پہنچی تو دوسرے طرف میرے بیٹے موجود تھے ۔ پولیس والے آگے بڑھے تو میرے دونوں بیٹوں نے انہیں روکا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، شیشے ٹوٹے، میرے بیٹے زخمی ہوئے ۔ چودھری سالک کے ہاتھ پر ٹانکے لگے، دو گھنٹے بعد پولیس دروازے سے گئی۔  پولیس والوں سے پوچھا گیا کہ کس کیس میں یہ سب کیا جا رہا ہے ۔ بتایا گیا گجرات میں سڑکوں کی تعمیر میں اربوں کا کمیشن وصول کیا گیا۔ 

چودھری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ میرا یا میرے دونوں بیٹوں کا ایسے کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ۔ سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں۔  بکتر بند گاڑی سے مین گیٹ توڑا گیا، سختی سے مذمت کرتا ہوں ۔ سارے معاملے کے پیچھے جو بھی ہے اسے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔  کسی اور موقع پر تفصیل سے بات کروں گا ۔ بیٹوں سے کہا ہے صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ 

مصنف کے بارے میں