میزائلوں کے حجم اور رینج میں اضافے کی ایرانی دھمکی

میزائلوں کے حجم اور رینج میں اضافے کی ایرانی دھمکی

لندن:ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ محمد علی جعفری نے دھمکی دی ہے کہ ان کا ملک بیلسٹک میزائلوں کے حجم اور ان کے مار کرنے کے فاصلے کی رینج میں اضافے پر کام جاری رکھے گی۔ اگر ایران پر امریکا کی طرف سے مزید اقتصادی پابندیاں عاید کی گئیں تو ہم اس کا جواب میزائلوں کی رینج اور حجم میں اضافے کی صورت میں دیں گے۔


عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ نے یہ دھمکی امریکا کی ایران بارے نئے حکمت عملی کے دو ہفتوں کے بعد جاری کیا ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد علی جعفری نے بیلسٹک میزائلوں کو ملک کے دفاع کا شرف اور عزت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ پاسداران انقلاب امریکی پابندیوں کا سامنا کرے گا۔

ہم ان پابندیوں کا وقت پر مناسب جواب دیں گے۔بیلسٹک میزائلوں کی رینج بڑھانے سے متعلق بات کرتے ہوئے جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ اس وقت تہران کے پاس موجود بیلسٹک میزائلوں کی رینج 2000 کلو میٹر تک ہے مگر ان کی مار کرنے کی صلاحیت اور فاصلے میں اضافہ ممکن ہے۔

ایران اپنے میزائل پروگرام کی صلاحیت کو بہتر بنانے پر کام جاری رکھے گا کیونکہ ہمارے پاس امریکا کی ناجائز اور غیرقانونی پابندیوں کا اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں۔