سری لنکن وزیر کھیل کی پاکستانی ڈرائیور کو سری لنکا کے دورے کی دعوت

سری لنکن وزیر کھیل کی پاکستانی ڈرائیور کو سری لنکا کے دورے کی دعوت

کراچی: سری لنکن وزیر کھیل نے لبرٹی چوک پر ہونے والے سری لنکن ٹیم پر حملے میں مہمان کھلاڑیوں کی جان بچانے والے پاکستانی بس ڈرائیور مہرخلیل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ سری لنکا کے دورے کی دعوت دے دی ۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے بس ڈرائیور مہر خلیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں خاص طور پر مدعو کیا تھا، اس موقع پر چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کی ملاقات سری لنکا کے وزیر کھیل اورکرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بھی کرائی۔


مہر خلیل نے کہاکہ اس ملاقات کے دوران سری لنکن وزیر کھیل نے ان سے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے اگلے دورے پر آئے گی تو آپ بھی ساتھ ضرور آئیے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ اس دورے میں آپ کو بس ڈرائیو نہیں کرنی بلکہ مہمان کی حیثیت سے میچز ہی دیکھنے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کیلئے لاہور آنے والی سری لنکن ٹیم کی بس بھی ڈرائیو کرنا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے پیش نظر یہ خواہش پوری نہیں ہوسکی۔یاد رہے کہ مارچ2009 میں سری لنکن ٹیم کی جس بس پر لاہور ٹیسٹ کے موقع پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اس کے ڈرائیور مہر خلیل تھے۔ انھوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو جائے وقوعہ سے نکال کر قذافی اسٹیڈیم پہنچایا تھا۔
'