سام سنگ کا مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ریکارڈ منافع

سام سنگ کا مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ریکارڈ منافع

سیﺅل :جنوبی کورئین الیکٹرانکس کمپنی سام سنگ نے تیسری سہ ماہی کے حوالے سے اپنے معاشی اعداد شمار کا اعلان کیا ہے۔ اس سہ ماہی میں سام سنگ آپریٹنگ پرافٹ 13 ارب ڈالر رہا۔ یہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 179 فیصد زیادہ ہے۔ اتنا زبردست منافع فلیگ شپ ڈیوائس اور سرورز کے لیے میموری چپس کی فروخت کے باعث ممکن ہوا ہے۔
اس سہ ماہی میں سام سنگ کی آمدن 62.05 ٹریلن وون یا 55.48 ارب ڈالر رہی۔ پہلے یہ 47.82 ٹریلن وون یا 42.75 ارب ڈالر تھی۔کمپنی کا خالص منافع بھی کافی بڑھا ہے۔ 2016 کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کا خالص منافع 4.54 ٹریلین وون یا 4.05 ارب ڈالر تھا جو اب 2017 کی تیسری سہ ماہی میں 11.19 ٹریلن وون یا 10 ارب ڈالر ہوگیا ہے۔
سام سنگ کے موبائل کمیونی کیشن اینڈ نیٹ ورک بزنس ڈویڑن کی آمدن پچھلے سال کی تیسری سہ ماہی کےمقابلے میں 18.9 فیصد کم ہوئی ہے۔ اس کی وجہ درمیانے اور نچلے درجے کے ماڈلز کی زیادہ فروخت ہے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ گلیکسی نوٹ 8 اور گلیکسی جے 2017 کی لانچ کی بدولت سمارٹ فون کی مجموعی فروخت میں بہتری آئی ہے۔