ٹھگ آف ہندوستان بالی ووڈ کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم

ٹھگ آف ہندوستان بالی ووڈ کی تاریخ کی مہنگی ترین فلم
کیپشن: باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے ٹھگ آف ہندوستان کو ایک دن میں 50 کروڑ کمانے ہوں گے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ممبئی: بالی ووڈ میں ’باہو بلی 2‘ ڈھائی سو کروڑ بجٹ کے ساتھ بالی ووڈ کی اب تک کی مہنگی ترین فلم تھی تاہم اب ’ٹھگ آف ہندوستان‘ ’باہو بلی 2‘ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے سوا تین سو کروڑ بجٹ کے ساتھ بالی ووڈ کی مہنگی ترین فلم بن گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یش راج بینر تلے بننے والی فلم’ ٹھگ آف ہندوستان‘میں اداکار عامر خان فرنگی نامی ٹھگ اور امیتابھ بچن خدا بخش عرف آزاد نامی قزاق کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔

فلم کے مناظر کی عکسبندی میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے پروڈیوسرز نے اس فلم پر پانی کی طرح پیسہ لگایا ہے جس کے بعد ’ٹھگ آف ہندوستان‘بالی ووڈ کی اب تک کی مہنگی ترین فلم بن گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک دن میں 50 کروڑ کمانے ہوں گے۔

دوسری جانب فلم کی لاگت پوری کرنے کے لیے یش راج فلمز کمپنی فلم کا ٹکٹ 10 فیصد مہنگا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے بعد ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کا ٹکٹ فلم ’سنجو‘ سے بھی مہنگا ہو جائے گا۔ فلم رواں ماہ 8 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔