شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، وزیراعلٰی پنجاب

شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، وزیراعلٰی پنجاب
کیپشن: قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، وزیراعلٰی پنجاب۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ایوان وزیراعلٰی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست یہ ذمہ داری فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔ شہریوں کے روز مرہ کے معمولات میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کاروبار زندگی کو رواں دواں رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے اور ٹریفک کی بندش سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے۔ ٹریفک کے متبادل روٹس کی تشہیر کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن عامہ اور ٹریفک کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔