'وزیراعظم کی تقریر سے لگ رہا تھا کہ وہ باہر نکل کر لڑنے والے ہیں'

'وزیراعظم کی تقریر سے لگ رہا تھا کہ وہ باہر نکل کر لڑنے والے ہیں'
کیپشن: کبوتر کی طرح ہماری آنکھیں بند ہیں اور سوشل میڈیا پر سب نظر آ رہا ہے، خورشید شاہ۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی کل کی تقریر جارحانہ تھی۔ کون سا مسلمان ہے جو نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت کرے۔

سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کی گزشتہ روز کی تقریر کے حوالے سے اطہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں نارمل صورتحال نہیں ہے۔ کبوتر کی طرح ہماری آنکھیں بند ہیں اور سوشل میڈیا پر سب نظر آ رہا ہے جبکہ وزیر اعظم لوگوں کی باتیں دہرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایوان میں وزیر اعظم کو یہاں ہونا چاہیے تھا اور کل تقریر میں وزیر اعظم کے باڈی لینگویج سے لگ رہا تھا کہ وہ باہر نکل کر لڑنے والے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کو عمران خان کہتے تھے کہ دل کرتا ہے آپ کیساتھ بیٹھ جاؤں اور جو ان لوگوں نے کہا یا نہیں کہا وہ وزیر اعظم نے کہہ دیا۔

گزشتہ روز مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی بریت پر ہونے والے احتجاج اور ہنگامی حالات پر وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے جو فیصلہ دیا وہ آئین کے مطابق ہے۔ اس حوالے سے عوام کو اکسانے والوں کے خلاف ریاست ایکشن لے گی۔