اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا

اظہر علی کا ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا
تصویر بشکریہ پی سی بی

 لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کا فیصلہ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔


اظہر علی نے  53  ایک روزہ میچز میں 36.9 کی اوسط سے ایک ہزار 845 رنز بنائے، جس میں 3 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ان کا بہترین انفرادی سکور 102 رنز رہا۔ ون ڈے کرکٹ میں 74 سے زیادہ کا اوسط رکھنے والے اوپنر نے 2011 میں بلفاسٹ میں آئرلینڈ کے خلاف ڈیبیو کیا تاہم وہ 13 جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈونیڈن کے میچ کے بعد ٹیم سے باہر تھے۔

اوپنر کو 2015 ورلڈ کپ کے بعد قومی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تاہم ان کی قیادت میں ٹیم آئی سی سی درجہ بندی میں نویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔

فروری 2017 میں آسٹریلیا سے سیریز چار ایک سے ہارنے پر انہوں نے کپتانی سے استعفی دیا۔ اظہرعلی اب صرف ٹیسٹ کرکٹ پر فوکس کریں گے۔

سابق کپتان قومی ٹیم اظہر علی کے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اظہر علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ اظہر علی نے ون ڈے کیریئرمیں شاندار پرفارم کیا،اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کا اہم حصہ رہیں گے۔احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی نے ٹیم کی ری بلڈنگ پراسیس کے دوران قیادت کی۔