سکول بروز جمعہ کو بھی بند رہیں گے

سکول بروز جمعہ کو بھی بند رہیں گے

لاہور :گزشتہ دو روز سے ملک کا نظام احتجاج کی وجہ سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج کے باعث روزمرہ کے معمولات شدید متاثر ہوئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔


 آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے ملک بھر میں کل بھی اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جامعہ پنجاب میں کل ہونے پرچے ملتوی کردئیے گئے،پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تمام جب کہ سندھ میں نجی تعلیمی ادارے بند رہے، ملتان میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے تحت پانچویں اور اٹھویں جماعت کے امتحانات ملتوی کردئیے گئے جن کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 
خیبرپختونخوا میں بھی تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند رہے تاہم بلوچستان میں تمام نجی و تدریسی مراکز کھلے رہے، ٹیکسلا میں توڑ پھوڑ اور سڑکیں بلاک کرنے والے ڈنڈا بردار مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


اس وقت کراچی، لاہور، راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں احتجاج کے باعث اہم شاہ راہیں بند ہیں، اس دوران مختلف شہروں میں توڑ پھوڑ اور گاڑیاں بھی نذر آتش کی گئیں،لاہور میں ایئرپورٹ جانے والے راستے بند ہونے کے سبب اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

لاہور میں عسکری ٹین کے قریب مظاہرین نے ٹول پلازہ پردھاوا بول دیا، رنگ روڈ پر کیبن کے شیشے توڑ دئیے گئے، ملازمین نے بھاگ کر جان بچائی، راولپنڈی میں ترنول چھبیس نمبر چونگی کے قریب مشتعل مظاہرین نے شہریوں کی موٹر سائیکلیں جلا ڈالیں۔