نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ گئی

نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ گئی
کیپشن: پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کے حوالے سے ایک آپریشن تھیٹر تیار کیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیرِ اعظم محمد  نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ گئی تاہم 10 دن میں ان کا وزن 9 کلو کم ہو گیا۔ نواز شریف کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کہتے ہیں کہ پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ کے باعث اندرونی طور پر بہت ٹوٹ پھوٹ ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کے حوالے سے ایک آپریشن تھیٹر تیار کیا گیا ہے جہاں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔

سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کو سروسز اسپتال میں داخل ہوئے آج 11 واں دن ہے اور ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بہتری آئی ہے جن کی تعداد 50000 سے بڑھ گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں 9 دن کے بعد بہتری آئی ہے لیکن انسولین کے استعمال کے باوجود ان کی شوگر کنٹرول نہیں ہو رہی اور 10 دن میں ان کا وزن 9 کلو کم ہوا ہے۔

طبی ماہرین کا نواز شریف کے وزن میں تیزی سے کمی کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ آئی ٹی پی انجیکشنز سے ممکنہ نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ پیٹ کا اسکین شیڈول میں شامل ہے اور امید ہے کہ اس سے بیماری کی تشخیص ہو جائے گی تاہم ہائی بلڈ شوگر اور کم پلیٹ لیٹس کے باعث پیٹ کا اسکین تاخیر کا شکار ہے۔

پرنسپل سمز ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ پلیٹ لیٹس بڑھانے کی دوا دل پر دباؤ ڈالتی ہے۔ اس لیے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے مزید ادویات اور انجکشن نہیں دے سکتے اور کوئی بھی دوا بڑھانے سے گردے متاثر ہوتے ہیں ادویات دینے سے یوریا کیریٹنن بھی بڑھ جاتا ہے۔

ادھر نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر اور بھائی شہباز شریف نے اسپتال میں ان کی عیادت کی۔ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔