اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم عمران خان

اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: دس سال کے اندر دو سپر طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

گلگت: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ مودی نے اپنا آخری پتا کھیل لیا اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ گلگت میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ڈوگر راج کے خلاف جنگ لڑی، مسلمان اللہ کے سوا کسی اور کے سامنے نہیں جھکتا اور دس سال کے اندر دو سپر طاقتوں نے مسلمانوں کے آگے گھٹنے ٹیکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اور ہمیں پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے۔ جتنا ہم عدل و انصاف پر زوردیں گے اتنی ہی برکت ملک میں آئے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ غیرت مند انسان اللہ کے سوا کسی کی غلامی قبول نہیں کرتا اور انشاء اللہ یہی قوم دنیا کے سامنے ایک مثال بنے گی۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کشمیریوں کے انسانی حقوق چھین لیے اور تین ماہ سے کرفیو لگایا ہوا ہے۔ کشمیریوں کیلئے پیغام ہے کہ دنیا بھر میں آپ کا سفیر بن کر جاؤں گا اور اگر آپ لوگوں نے جنگ نہ لڑی ہوتی تو آپ بھی مودی کے ظلم کا شکار ہوتے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو جانوروں کی طرح بند کرکے رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مودی نے 5 اگست کو اپنی آخری پتا کھیل لیا اور کرفیو اٹھے گا تو لوگوں کا سمندر آئے گا۔ میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا بلکہ ان کا وکیل بنوں گا اور اب کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔