جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ ہری پور جیل سے رہا

جے یو آئی (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ ہری پور جیل سے رہا
رہائی کے بعد مفتی کفایت اللّٰہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

ہری پور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ ہری پور جیل سے رہا ہو گئے۔ گزشتہ روز ہائی کورٹ سرکٹ بینچ ایبٹ آباد نے مفتی کفایت اللہ کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔


رہائی کے بعد مفتی کفایت اللّٰہ کارکنوں کے ہمراہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کو 26 اور 27 اکتوبر کے درمیانی شب گرفتار کیا گیا تھا جس کے اگلے روز جے یو آئی ف نے کراچی سے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں آزادی مارچ شروع کیا۔

ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جے یو آئی ف اسلم غوری نے بتایا تھا کہ مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون سے عمل میں آئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں مفتی کفایت اللّٰہ کی گرفتاری کی سختی سے تردید کی گئی تھی۔

اس کے ساتھ ہی یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ مفتی کفایت اللّٰہ کو مانسہرہ پولیس نے تھری ایم پی او کے تحت اسلام آباد سے گرفتار کر کے ہری پور جیل منتقل کیا تھا۔ اس سے قبل اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم خان درانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔