دوسرا ون ڈے: زمبابوے ٹیم کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

دوسرا ون ڈے: زمبابوے ٹیم کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

راولپنڈی: پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حارث سہیل اور وہاب ریاض کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی تھی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے زمبابوے کو 282 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔

زمبابوے کی ابتدائی دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے 28 کے اسکور تک اڑائیں۔ تیسری وکٹ پر کریگ ایرون اور برینڈ ٹیلر نے سکور میں 71 قیمتی رنز کا اضافہ کیا، 99 کے مجموعے پر اس شراکت کو عماد وسیم نے حارث رؤف کی مدد سے توڑدیا۔ نئے بیٹسمین شان ولیمز 4 رنز ہی بناسکے ان کی وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔

پاکستان کی جانب سے حارث سہیل 71، امام الحق 58 اور عماد وسیم 33 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہاب ریاض نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ برینڈن ٹیلر کی سینچری بھی زمبابوے کو شکست سے نہ بچا سکی۔ برینڈن ٹیلر نے 116 گیندوں پر 112 رنز بنائے۔

اس انٹرنیشنل میچ کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی امپائر علیم ڈار آج سب سے زیادہ ون ڈے سپروائز کرنے والے امپائر بن جائیں گے۔ آج ہونے والا میچ علیم ڈار کا 210 واں ایک روزہ میچ ہوگا اور وہ جنوبی افریقی امپائر روڈی کرٹزن کا 209 میچ سُپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیں گے۔

52 سالہ سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر علیم ڈار نے سال 2000ء میں گوجرانوالا میں ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ میچ میں پہلی بار فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے تھے۔ واضح رہے کہ علیم ڈار کے پاس اس وقت سب سے زیادہ 132 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز بھی موجود ہے جوکہ انہوں نے گذشتہ سال ہی سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کا 129 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا ریکارڈ توڑکر حاصل کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جوکہ دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوشش کریں گے، جلد زمبابوے کو آؤٹ کریں۔ پہلا میچ بہت اچھا رہا تھا۔ کوشش کریں گے کہ غلطیوں کو دوبارہ نہ دہرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حارث سہیل اور وہاب ریاض کو ڈراپ کرکے حیدر علی اور موسیٰ خان کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ موسیٰ خان اور حیدر علی ایک روزہ میچ میں آج ڈیبیو کر رہے ہیں۔