نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

لاہور: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم، ان کے بچوں حسن ، حسین اور مریم نواز سمیت داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ذاتی حیثیت میں کل پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم آج شام لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کل احتساب عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوں گے تاہم ان کے بچوں کا عدالت کے روبرو پیش ہونے کا امکان نہیں۔ نواز شریف اور ان کی قانونی ٹیم کے درمیان مشاورت کے دوران احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق مختلف آپشنز زیر غور آئیں گے جب کہ عدالت میں کل نواز شریف کے بجائے ان کے وکیل کے پیش ہونے کی بھی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کل مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی ہو گا جس کی صدارت نواز شریف کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف منگل کو پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اسی روز پارٹی کی جنرل کونسل انہیں صدر منتخب کرے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں