امریکا شمالی کوریا سے رابطے میں ہے

امریکا شمالی کوریا سے رابطے میں ہے

 امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک شمالی کوریا سے رابطے میں ہے مگر شمالی کوریا کی جانب سے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ۔
امریکی وزیرخارجہ نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ امریکا اور شمالی کوریا ایک دوسرے کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں جبکہ امریکا بات چیت کے ممکنہ راستوں پر غور کر رہا ہے۔بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ واشنگٹن اور پیانگ یانگ میں رابطے کے ذرائع ہیں جنھیں استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ آیا وہ گفتگو کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔
واضح رہے کہ چین شمالی کوریا کا روایت طور پر مرکزی حمایتی ملک ہے اور اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پر ان کے جوہری پروگرام کی وجہ سے لگائی جانے والی پابندیوں کی حمایت کے باوجود اس کی خواہش ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا مذاکرات کے لیے راضی ہو جائیں۔
دوسری جانب امریکا کا موقف ہے کہ چین کے پاس شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام پر قابو پانے کی کنجی ہے۔ یاد رہے کہ ریکس ٹیلرسن کے دورے کے بعد نومبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دور صدارت میں چین کا پہلا دورہ کریں گے۔