پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے میں تبدیلیوں کیلئے تیار ہے، چین

پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے میں تبدیلیوں کیلئے تیار ہے، چین
کیپشن: چین صرف اُن ہی منصوبوں کو آگے بڑھائے گا جو پاکستان چاہتا ہے، یاؤ جنگ

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ چین، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں تبدیلیوں کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے پاکستانی حکومت کے ایجنڈے پر عمل کیا جائے گا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو دیئے گئے انٹرویو میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ 'پاکستان سے مشاورت کے ساتھ روڈ میپ تیار کیے جانے کی ضرورت ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'چین صرف اُن ہی منصوبوں کو آگے بڑھائے گا جو پاکستان چاہتا ہے یا جس میں پاکستان کی رضامندی ہو گی'۔ یاؤ جنگ کے مطابق 'یہ پاکستان کی معیشت ہے اور یہ ان کا معاشرہ ہے'۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ بیجنگ 'بوٹ' (build-operate-transfer) ماڈل کے لیے بھی تیار ہے اور اپنی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے آمادہ کرے گا۔

واضح رہے کہ 'بوٹ' ماڈل کے تحت سرمایہ کار یا کمپنی خود پیسے لگا کر پروجیکٹ بنائے گی اور منصوبہ آپریشنل ہونے پر آمدن سے اپنا سرمایہ واپس حاصل کر سکے گی۔

یاد رہے کہ برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے 'فنانشل ٹائمز' نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے۔