پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی فارغ،ٹیم کا انتخاب مینجمنٹ کرے گی

پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی فارغ،ٹیم کا انتخاب مینجمنٹ کرے گی
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اب تک کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کو ہی فارغ کردیا ہے اور اب ایشین چیمپئن ٹرافی کے لئے ٹیم کو خود مینجمنٹ منتخب کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ اومان میں ہونے والی ایشین چیمپئن ہاکی ٹرافی کیلئے ایک روزہ ٹرائلز3 اکتوبرکو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہورمیں ہوں گے، اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف شہبازسینئر بھی موجود ہونگے جن کی مشاورت سے 18رکنی حتمی سکواڈ تشکیل دیا جائیگا۔ایونٹ کے دوران 2 گول کیپرزٹیم کے ساتھ لے جانے پر اتفاق بھی کرلیا گیا ہے۔


اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے کامن ویلتھ گیمز اورایشین گیمز سمیت متعدد ایونٹس میں قومی ٹیم کا انتخاب کیا تاہم گرین شرٹس کسی بھی بڑے ایونٹس میں نمایاں کامیابی حاصل نہ کرسکے۔


پی ایچ ایف تھنک ٹینک کا خیال ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کھلاڑیوں کی فٹنس اور گیم میں مہارت کے حوالے سے زیادہ بہتر جانتی ہے، اس لیے ٹیم آفیشلز زیادہ بہتر اندازمیں حتمی سکواڈ کا انتخاب کرسکتی ہے۔


کیمپ میں اس وقت29 کھلاڑی عمران بٹ، مظہر عباس،امجد علی،محمد عرفان سینئر،راشد محمود،علیم بلال،عماد شکیل بٹ، مبشر علی، تصورعباس، رضوان جونیئر، رضوان سینئر، توثیق ارشد، علی شان، عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، اظفریعقوب، محمد عتیق، ارسلان قادر، اعجاز احمد، رانا سہیل، عرفان جونیئر، محمد دلبر، فیصل قادر، ایم رضوان،عاطف مشتاق، رضوان علی،محمد زبیر، ساران بن قمر، منیب الرحمن اورسید ذیشان بخاری شامل ہیں۔کیمپ میں شفقت رسول بھی شامل تھے تاہم انھوں نے غیرملکی لیگ کے لیے کیمپ کا حصہ بننے سے معذرت کرلی تھی۔


خیال رہے کہ ایشیائی ایونٹ 18 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک اومان کے دارالحکومت مسقط کے سلطان قابوس سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ایونٹ میں بھارت سمیت ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان اوراومان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔