اپنی قومی سلامتی سے متعلق کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کریں گے، شمالی کوریا

اپنی قومی سلامتی سے متعلق کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کریں گے، شمالی کوریا
کیپشن: امریکا پر اعتماد قائم ہونے تک ہم غیرمسلح نہیں ہوں گے، وزیر خارجہ شمالی کوریا

نیو یارک: شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ امریکی پابندیوں نے دونوں ممالک میں عدم اعتماد کی فضاء کو بڑھا دیا ہے۔ جب تک امریکا اعتماد سازی کے اقدامات نہیں کرتا ہم اپنی قومی سلامتی سے متعلق کوئی یکطرفہ فیصلہ نہیں کریں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے73 ویں اجلاس سے خطاب میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری جونگ ہو 'نے کہا کہ امریکا، شمالی کوریا سمجھوتے کے موثر اطلاق کیلئے پہلا قدم دہائیوں سے قائم دونوں ملکوں کے درمیان عدم اعتماد کی فضاء کو ختم کرنا ہو گا اور اس مقصد کے لئے امریکا کو بھی اور شمالی کوریا کی طرح ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔

شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا پر اعتماد قائم ہونے تک ہم غیرمسلح نہیں ہوں گے۔ امریکا اگر یہ سمجھتا ہے کہ اس کی پابندیاں شمالی کوریا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گی تو یہ محض ایک خواب ہے جو حقیقت سے بہت دور ہے۔

امریکی پابندیوں نے دونوں ملکوں میں عدم اعتماد کی فضاء کو خراب کیا ہے جبکہ ایسا کوئی راستہ نہیں ہے کہ شمالی کوریا پہلے غیرمسلح ہو جائے اور امریکا اس کے خلاف سخت ترین پابندیوں کے ساتھ دباؤ بڑھاتا رہے۔