پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے کیس کی سماعت آج سے شروع ہوگی،نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہونگے

پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے کیس کی سماعت آج سے شروع ہوگی،نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہونگے
فائل فوٹو

دبئی:پاک بھارت کرکٹ سیریز کی قانونی جنگ کا آج سے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں آغاز ہوگا جبکہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہونگے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کیلئے قانونی معاملہ اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے اور ایک محتاط انداز کے مطابق 447کروڑ روپے نقصان کی تلافی کے لئے جو کیس دائر کیا ہوا ہے اس کی سماعت آج سے سی سی ہیڈ کوارٹر دبئی میں ہو رہی ہے۔آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اسے کوئی فریق چیلنج نہیں کرسکے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان تنازع کے حل کے لئے آئی سی سی نے مائیکل بیلوف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا فیصلہ بدھ کو متوقع ہے۔آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کے سامنے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیس رکھا ہے کہ بھارت نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور پاکستان کے ساتھ گذشتہ دس سال میں کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیس کے لئے ایک برطانوی فرم کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔

پی سی بی کا موقف ہے کہ 2014میں ہونے والے معاہدے کے بعد اگر پاکستان بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلا ہے تو پاکستان کو سیریز نہ ہونے سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف میں کہا ہے کہ بھارتی بورڈ حکومت کے زیر اثر ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔پی سی بی نے اپنے نقصان کے ازالے کے لئے آئی سی سی کے تنازعات حل کرنے والی کمیٹی سے رجوع کر رکھا ہے۔