ارشد داد کو پی ٹی آئی کا سیکرٹری جنرل تعینات کر دیا گیا، نوٹی فکیشن جاری

ارشد داد کو پی ٹی آئی کا سیکرٹری جنرل تعینات کر دیا گیا، نوٹی فکیشن جاری
کیپشن: سکرین شاٹ

اسلام آباد: سابق نااہل سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی سیٹ آخر کار پاکستان تحریک انصاف نے ارشد داد کو دیدی اور سیکرٹری جنرل کے عہدے پر تعینات کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ارشد داد کی تعیناتی کی منظوری دی جس کے بعد ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیاگیا۔ ارشد داد اس سے قبل ایڈشنل سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔


یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ عمران خان کے قریبی دوست جہانگیر ترین کے پاس تھا لیکن سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد جہانگیر ترین نے اخلاقی طور پر پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017ءکو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو آئین کے آرٹیکل 62 ایف ون کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔


جس کے بعد جہانگیر ترین نے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ لیکن سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نظرثانی درخواست مسترد کردی اوران کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا۔جہانگیر ترین کی نا اہلی کا فیصلہ برقرار ہونے سے ان کے لیے سیاست میں آنے کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں۔

8674f807d6ebc6bf799704559939aadb

قانونی ماہرین کے مطابق جہانگیر ترین کے پاس سیاست میں واپس آنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ یہ کہ جہانگیرترین سابق وزیراعظم نوازشریف سے مل کر آرٹیکل 62 ایف ون میں ترمیم کے لیے قانون منظور کروالیں، اگر پارلیمنٹ تاحیات نااہلی کے خلاف قانون لے آتی ہے توجہانگیرترین کے ساتھ سابق وزیراعظم نوازشریف کی تاحیات نااہلی بھی ختم ہوجائے گی۔


عدالتی فیصلے پر جہانگیر ترین نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں کافی مایوس اور افسردہ ہوں۔ میری خواہش تھی کہ نظرثانی کی درخواست میں فراہم کیے گئے حقائق کو اہمیت دی جاتی۔ نااہلی اور کوئی پارٹی عہدہ نہ رکھنے کے باوجود جہانگیر ترین کو اکثر اوقات حکومتی اجلاسوں میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دیکھا گیا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق جہانگیر ترین کو لائیو اسٹاک ایمرجنسی ورکنگ گروپ کا کنوینئیر بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

لائیو سٹاک ایمرجنسی ورکنگ گروپ کے سو روزہ ایجنڈے پر پہلا اجلاس 13 ستمبر کو ہوا تھا جس میں جہانگیر ترین نے پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں کے ساتھ بطور کنوینئیر شرکت کی تھی تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

جہانگیر ترین کی حکومتی میٹنگز میں موجودگی سے حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔لیکن اب پاکستان تحریک انصاف نے مزید تنقید سے بچنے کے لیے جہانگیر ترین کا پارٹی عہدہ ارشد داد کو دے دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔