کسی کا بھی کوئی غلط کام نہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کی افسران کو ہدایت

 کسی کا بھی کوئی غلط کام نہ کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ کی افسران کو ہدایت
کیپشن: جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے والوں کو الیکشن میں بُری طرح شکست ہوئی، عثمان بزدار۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ملتان ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی صدارت میں ملتان ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے والوں کو الیکشن میں بری طرح شکست ہوئی اور پینے کے صاف پانی میں بھی جنوبی پنجاب کو فوقیت دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہروں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے جبکہ صفائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ایم آفس میں اب کوئی فائل زیر التواء نہیں رہتی۔ سرکاری محکموں میں شکایات سیل قائم ہوں گے، ڈی پی اوز کھلی کچہریاں لگائیں گےاور میں ٹیم کے ساتھ ڈی جی خان ،ملتان اور بہاولپور کا باقاعدگی سے وزٹ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کا بھی کوئی غلط کام نہ کیا جائے، سرکاری افسران عوام کیلئے 2 گھنٹے دروازے کھلے رکھیں، رویے بہتر بنائیں اور عوام کو ڈلیور کریں۔

ساہیوال ڈویژن کے اراکین سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اوپن ڈور پالیسی عوامی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو گی جو افسر پالیسی پر عمل نہیں کرے گا اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کریں گے۔