محمد حفیظ 2 سال بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بن گئے

محمد حفیظ 2 سال بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بن گئے
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور: آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید سہارا دینے کےلئے محمد حفیظ کوپاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔پاکستان ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد محمد حفیظ نے قائد اعظم ٹرافی کھیلی اور اپنی پرفارمنس سے سب کو متاثر کیا۔

تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ پہلی دستیاب فلائٹ سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ حال ہی میں ایشیا کپ کے دوران پاکستان کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے محمد حفیظ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔محمد حفیظ نے چند روز قبل ہی قائدِ اعظم ٹرافی کے ایک میچ میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

خیال رہے کہ سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا جس میں محمد حفیظ کو شامل نہیں کیا تھا۔دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد حفیظ اب تک 50 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے 39.22 کی اوسط سے 3452 رنز بنائے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ گزشتہ 2 برس سے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، اور انہوں نے اپنا آخری میچ مصباح الحق کی قیادت میں اگست 2016 میں کھیلا تھا۔