وزیرخارجہ کو صوبائی نشست سے شکست دینے والے آزاد امیدوار محمد سلمان نااہل

وزیرخارجہ کو صوبائی نشست سے شکست دینے والے آزاد امیدوار محمد سلمان نااہل
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 217 ملتان سے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا۔ 

آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار محمد سلمان نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔الیکشن کمیشن نے پی پی 217 ملتان پر محمد سلمان کی کامیابی کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اُن کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔

ساتھ ہی ای سی پی نے محمد سلمان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) ریکارڈ کے مطابق آزاد امیدوار محمد سلمان کی عمر انتخابات 2018 کے وقت 25 سال سے کم تھی۔

یاد رہے کہ محمد سلمان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 3 ہزار 578 ووٹوں سے شکست دی تھی اور بعدازاں حکومت سازی کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ پی پی 217 کے ووٹرز شعیب اکمل قریشی، طاہر حمید قریشی نے آزاد امیدوار کی فتح کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔