ایل پی جی کی قیمت میں 5.50 روپے فی کلو کا اضافہ

 ایل پی جی کی قیمت میں 5.50 روپے فی کلو کا اضافہ

 کراچی: ایل پی جی کی قیمت میں تقریباً 5.50 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں65.58 اور کمرشل سلنڈرکی قیمت میں 252.35 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مائع پیٹرولیم گیس کی اکتوبرکے لیے فی ٹن سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 38 ڈالر 70 سینٹ کے اضافے کو جواز بناکرمقامی ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرہ نوٹیفکیشن کے بغیر ہی پیر کو فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت میں تقریباً 5.50 روپے بڑھادیے جس کے بعد گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 65.58 روپے اور کمرشل سلنڈرکی قیمت 252.35 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ  کنٹریکٹ پرائس میں اضافے کے سبب صرف درآمدہ ایل پی جی کی فی ٹن قیمت 5557.74 روپے سے بڑھ کر 1لاکھ 36 ہزار732 روپے ہوگئی ہے، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ عالمی قیمت کا اطلاق ملک میں صرف درآمدہ ایل پی جی پر ہوناچاہیے لیکن مقامی مارکیٹنگ کمپنیوں نے قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کرکے حکومتی رٹ کو ایک بار پھر چیلینج کردیا ہے۔