قومی اسمبلی: وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرارداد منظور

قومی اسمبلی: وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرارداد منظور
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فائرنگ کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قرار داد اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پیش کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فورسز نے سویلین ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی۔اس میں مزید کہا گیا تھا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہیں۔قرار داد میں واضح کیا گیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ قابل مذمت ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ ریاستی جارحیت ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، چوہدری عبدالعزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے گئے تھے اور تروڑی میں کنٹرول لائن کے نہایت قریب ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہےتھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ طے شدہ حد سے معمولی آگے چلا گیا جس پر بھارتی چوکی پر تعینات اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کردی۔

خوش قسمتی سے بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کوئی نقصان ہیں ہوا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت حویلی اُتار لیا گیا۔