سندھ میں آج سے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی ہو گی

سندھ میں آج سے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی ہو گی
کیپشن: قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا، مرتضیٰ وہاب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

کراچی: سندھ میں یکم اکتوبر سے پلاسٹک بیگ کے استعمال ، فروخت اور تیاری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہ ماحولیات سندھ نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے ماحولیاتی قوانین کے تحت پلاسٹک بیگ کی تیاری ، فروخت اور استعمال قابل سزا جرم ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانون کے مطابق گرفتاری و سزا بھی عمل میں لائی جائے گی۔

مشیر ماحولیات کے مطابق پابندی کا اطلاق سندھ بھر میں ہو گا اور محکمہ ماحولیات پلاسٹک بیگ کے استعمال کی پابندی پر عمل کرانے کا پابند ہوگا۔ماحولیاتی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں کا معائنہ کریں گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہو گی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ پلاسٹک بیگز کے بجائے کپڑے، کاغذ یا تھیلے کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے رواں سال اگست کے مہینے میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے یکم اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔