امریکہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے، سٹیٹ بینک

امریکہ پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے، سٹیٹ بینک

اسلام آباد: امریکہ پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے والا سب سے بڑا درآمد کنندہ ملک ہے۔ اگست 2020 کے دوران بھی دیگر ممالک کے مقابلہ میں سب سے زیادہ برآمدات امریکہ کو کی گئیں جن کا حجم 334.5 ملین ڈالر رہا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق تاہم اگست 2019 کے مقابلہ میں اگست 2020 کے دوران امریکہ کو کی جانے والی برآمدات کے حجم میں 6.58 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

اگست 2019 میں امریکہ کو 341.08 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی تھیں۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں جولائی ، اگست 2020 کے دوران امریکہ کو کی جانے والی ملکی برآمدات 6 فیصد کمی سے 714.63 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 671.75 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں تاہم پھر بھی امریکہ پاکستان سے درآمد کرنے والا بڑا ملک رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ دوسرا بڑا درآمد کنندہ ہے جس کو اگست2020 کے دوران 129.17 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو اگست 2019 کے مقابلہ میں 6.1 فیصد کم رہیں۔ اگست 2019 کے دوران برطانیہ کو 137.56 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اسی طرح چین پاکستان مصنوعات درآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک رہا ہے جس کو اگست 2020 میں 93.64 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ متحدہ عرب امارات کو 93.21 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق افغانستان کو کی جانے والی برآمدات 5.36 فیصد اضافہ سے اگست 2020 میں 57.873 ملین ڈالر کے مقبالہ میں 60.975 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔