وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

لاہور:وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا چار گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ورلڈ الیون کرکٹ میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عیدالاضحی کے موقع پر بازاروں، پارکوں اور مارکیٹوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائےگی۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہو گی اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اورمیں کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا ۔
اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی مشاورت سے ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے درمیان میچز لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے میچز کے لئے سو فیصد سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی اوران میچوں کے لئے پی ایس ایل فائنل کی طرز پر بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ان میچوں کو کامیاب بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو محنت اور جذبے سے کام کرنا ہو گااورسب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کر کے نتائج دیناہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے بہترین کوارڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں اورفول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہونے چاہیں جس طرح آپ نے پہلے محنت ، لگن اور جذبے سے کام کیا اسی عزم کے ساتھ آئندہ بھی فرائض کی ذمہ داری نبھانا ہے.