نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی

نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی

لاہور: نیب نے نوازشریف، مریم نواز، حسن، حسین نواز اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز ہیڈکوارٹر بھجوا دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مطابق احتساب بیورو(نیب) نے نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف عزیزیہ مل اور ایون فیلڈ پراپرٹی کے ریفرنسز ہیڈ کوارٹر بجھوا دیئے ہیں لاہور میں نیب کے ریجنل بورڈ کا اجلاس ڈی جی نیب لاہورمیجر(ر) شہزاد سلیم کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام فیصلوں کی منظوری دے کرمعاملہ نیب ہیڈ کوارٹربھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

شریف خاندان کے خلاف بھیجے گئے ریفرنسز میں سفارش کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں۔ اس سے 15 روز قبل نیب لاہور نے شریف خاندان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی بھی سفارش کی تھی۔نیب لاہور نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بھی تمام منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادیں ضبط کرنے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے جب کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں پر ریفرنس بناتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب نیب راولپنڈی نے بھی شریف خاندان کے خلاف عزیزیہ مل ریفرنس کی منظوری دے دی ہے تاہم ریفرنسزعید کے بعد نیب ایگزیکٹو بورڈ میں پیش کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ نیب کے 31 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں پاناماکیس پر ریفرنس دائر کرنے کا آغاز کردیا گیا تھا اور اب نیب لاہور اور راولپنڈی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنسز پر عیدالاضحٰی کے بعد نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں پراسیکیوٹر جنرل اور چئیرمین نیب ریفرنسز کا جائزہ  لیں گے اور ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد ہی حتمی ریفرنسز دائر کئے جائیں گے۔